چینلوں کی انتظامیہ کو آخری انتباہی نوٹس جاری
الجزائر،29جون؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)افریقی ملک الجزائر نے اندرون ملک سے نشریات پیش کرنے والے 40ٹی وی چینلوں کی انتظامیہ کو آخری وارننگ دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ان ٹی وی چینلوں کے خلاف کسی بھی وقت قانون حرکت میں آسکتاہے۔ الجیرین حکام کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ خلاف قانون نشریات پیش کرنے والے کسی بھی سمعی اور بصری ادارے کو بند کردیا جائے گا۔خیال رہے کہ حال ہی میں الجیرین حکومت کی طرف سے کسی ٹی وی چینل کا نام لیے بغیر یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ اندرون ملک سے نشر ہونے والے بعض ٹی وی چینلوں پرنفرت ، تشدد اور انتہا پسندی کی ترغیبات پرمبنی مواد نشر کیا جا رہا ہے۔ ان ٹی وی چینلوں کے خلاف کسی بھی وقت کارروائی کی جاسکتی ہے۔الجیرین وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری کردہ ایک انتباہی بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے خلاف قانون نشر ہونے والے ٹی وی چینلوں کو آخری وارننگ دی ہے۔ ان چینلوں کی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ غیرقانونی طریقے سے نشریات بند کریں ورنہ حکومت خود کارروائی کرکے انہیں بند کردے گی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے خلاف قانون نشریات پیش کرنے والے 40 چینلوں کی ایک فہرست مرتب کی ہے جنہیں آخری بار متنبہ کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت ملک کے آئین، قانون اور مرجہ انتظامی ضابطہ اخلاق کے اندر رہتے ہوئے ٹی وی چینلوں کو نشریات پیش کرنے کی آزادی فراہم کرتی ہے مگر اپنی مرضی سے خلاف قانون نشر ہونے والے ٹی وی چینلوں کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔